نئی دہلی،7 جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش میں حکمران سماج وادی پارٹی میں چل رہا گھمسان بھلے ہی ابھی تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہو لیکن ریاست کی ایک اورسیاسی جماعت اپنا دل میں کئی ماہ سے چلے آ رہے تنازع کو اسمبلی انتخابات سے ٹھیک پہلے حل کرنے کی کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔مرکزی وزیر انوپریا پٹیل نے اپنی ماں کرشنا پٹیل کے پاس صلح کی تجویز بھیجا ہے۔لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کے ساتھی کے طور پر لڑنے والے اپنا دل میں گزشتہ کئی ماہ سے تنازع چل رہا ہے۔انوپریا پٹیل اور ان کی ماں کرشنا کی قیادت والے گروپوں کا یہ تنازع فی الحال الیکشن کمیشن کے پاس زیر التواہے،اب پٹیل خاندان کے کچھ پرانے دوستوں کے ذریعے سے صلح کی کوشش ہو رہی ہے۔مرکزی وزیر مملکت صحت انوپریانے آج کہاکہ کرشنا پٹیل جی میری ماں ہیں،میں ان کا ہمیشہ احترام کرتی تھی اور ہمیشہ کرتی رہوں گی،ہم چاہتے ہیں کہ وہ ساتھ آئیں اور ہم مل کر عوام کے درمیان جائیں،اس لئے ہماری طرف سے ایک تجویز پیش کی گئی ہے۔انوپریاخیمے کے ایک سینئر لیڈر نے کہا کہ کرشنا پٹیل خیمے کے پاس جو تجویز بھیج گئی ہے اس میں کرشنا پٹیل کو پارٹی کا صدر بنانے اور وارانسی کی روہنیا اسمبلی سیٹ سے انہیں انتخابات لڑانے کی پیشکش کی گئی ہے، اگرچہ یہ بھی شرط رکھی گئی ہے کہ انوپریا کی بڑی بہن پلوی پٹیل پارٹی کے کام کاج سے دور رہیں گی اور اس میں ان کا کوئی دخل نہیں ہوگا۔اس لیڈر نے کہا کہ سونے لال پٹیل کے وقت کے کچھ خاندانی دوست یہ تنازعہ کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،اگر کرشنا پٹیل خیمہ تیار ہو گیا تو یہ تنازع محض کچھ دن میں حل کیاجا سکتا ہے۔ادھر اس کے بارے میں پوچھے جانے پر کرشنا پٹیل خیمے کے لیڈر آر بی سنگھ پٹیل نے کہا کہ ابھی ہمارے پاس کوئی ایسی پیشکش نہیں آئی ہے۔